لاہور (فاروق طارق) فورتھ انٹرنیشنل اور فرانس کی نیو اینٹی کیپیٹلسٹ پارٹی (این پی اے) کے رہنما ایلن کریوین ہفتے کے روز وفات پا گئے۔ ان کی عمر 80 سال تھی۔
وہ یورپی پارلیمنٹ کے رکن بھی رہے۔ انہوں نے صدارتی انتخابات اور پارلیمانی انتخابات میں بھی حصہ لیا۔ انہوں نے سیاست کا آغاز ساٹھ کی دہائی میں کیا۔
1968ء میں جب فرانس میں طالب علموں اور مزدوروں کی تاریخی ہڑتالیں ہوئیں اور ایک انقلابی صورت حال ابھری تو وہ ملک گیر سطح پر ایک طالب علم رہنما بن کر ابھرے۔ انہوں نے بعد ازاں باقی ساتھیوں کے ساتھ مل کر انقلابی کمیونسٹ لیگ (ایل سی آر) کی بنیاد رکھی۔ بعد ازاں یہ جماعت این پی اے میں ضم کر دی گئی۔
ان کی وفات پر فرانس کے ایک سب سے بڑے اخبار ’لی موند‘ نے لکھا: ”ریڈیکل لیفٹ کی تاریخی شخصیت وفات پا گئی“۔ وہ فرانس میں سیاست کا ایک معروف اور معتبر نام سمجھے جاتے تھے۔ وہ عمر بھر سوشلسٹ نظریات کے لئے جدوجہد کرتے رہے۔ فورتھ انٹرنیشنل کی قیادت میں رہنے کی وجہ سے دنیا بھر کے انقلابی حلقوں میں ان کی پہچان موجود تھی۔