لاہور (جدوجہد رپورٹ) صحافیوں کے حقوق کیلئے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز (آر ایس ایف) نے پاکستان کے معروف تحقیقاتی صحافی احمد نورانی کی ویب سائٹ کو پاکستان میں بند کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان میں سنسرشپ ناقابل قبول ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ’آرمی چیف کے خاندان کی دولت میں حالیہ اضافے سے متعلق احمد نورانی کی تحقیقاتی رپورٹ ’باجوہ لیکس‘ شائع کرنے کے بعد فیکٹ فوکس کی ویب سائٹ بند کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ سنسر شپ کو ختم کیا جائے۔‘
یاد رہے کہ چند روز قبل احمد نورانی کی ایک نئی تحقیقاتی رپورٹ ان کی ویب سائٹ فیکٹ فوکس پر شائع ہوئی تھی۔ اس رپورٹ میں آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے خاندان کے اثاثوں کے حوالے سے معلومات فراہم کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران ان کے خاندان کے لوگ اربوں روپے کے مالک بن گئے۔
مذکورہ رپورٹ کے بعد ایف بی آر کے ذمہ داران کے خلاف معلومات لیک کرنے کی انکوائری سمیت دیگر سخت گیر اقدامات کئے گئے۔ احمد نورانی کی ویب سائٹ پر پاکستان میں پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کچھ مزید اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ مستقبل میں پاک فوج سے متعلق اس طرح کی معلومات کو باہر نکلنے سے روکا جا سکے۔