لاہور (جدوجہد رپورٹ) برطانیہ میں 70 ہزار سے زائد یونیورسٹی عملہ نے ہڑتال کر دی ہے، جبکہ برطانوی نرسیں تاریخی ہڑتال کی تیاری کر رہی ہیں۔ یونیورسٹی ملازمین نے تنخواہ، پنشن اور کام کے حالات کو لے کر جمعرات اور جمعہ کو ہڑتال کی۔ بدھ کو ایک اور ہڑتال کی تیاری ہے۔
’ڈیموکریسی ناؤ‘ کے مطابق یہ برطانیہ میں اعلیٰ تعلیم کو متاثر کرنے والی اب تک کی سب سے بڑی ہڑتال قرار دی جا رہی ہے۔
ادھر برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس کے ساتھ منسلک نرسیں دسمبر میں دو دن ہڑتال کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔ یہ نرسوں کی یونین کی 106 سالہ تاریخ میں پہلی ہڑتال ہے۔
نرسوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے تنخواہوں میں مناسب اضافہ فراہم کرنے سے انکار کا مطلب یہ ہے کہ بہت سے لوگ اپنی ضروریات پوری کرنے کے قابل نہیں ہیں، یا وہ اپنی ملازمت چھوڑنے پر مجبور ہیں۔