خبریں/تبصرے

نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن برطانیہ برانچ کا کنونشن، اہم رہنماؤں کی شرکت

لاہور (جدوجہد رپورٹ) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (جے کے این ایس ایف) برطانیہ برانچ کا کنونشن پیر کی شام ناٹنگھم میں منعقد کیا گیا۔

معروف انقلابی دانشور و رہنما ڈاکٹر لال خان اور سابق صدر این ایس ایف امجد شاہسوار کی یاد میں شہدائے چکوٹھی کے نام سے منعقدہ اس کنونشن میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں کے علاوہ فرزند مقبول بٹ شہید شوکت مقبول بٹ نے بھی خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر برطانیہ برانچ کی نئی کابینہ کا انتخاب بھی عمل میں لایا گیا، جس کے مطابق آصف سید چیئرمین، شفقت رحیم داد سینئر وائس چیئرمین، حساب خالق جنرل سیکرٹری، کاشان ممتاز ڈپٹی جنرل سیکرٹری، عثمان حمید آرگنائزر، ولید جمشید ڈپٹی آرگنائزر،عثمان خان سیکرٹری مالیات، غزانش ریاض میڈیا سیکرٹری منتخب کئے گئے۔

کنونشن کی صدارت نومنتخب چیئرمین آصف سید نے کی، جبکہ مہمانان خصوصی شوکت مقبول بٹ اور رہنما جموں کشمیر لبریشن فرنٹ سردار مہتاب احمد تھے۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے مقبول بٹ شہید، شہدائے چکوٹھی کی قربانیوں کی خراج عقیدت پیش کیا اور ڈاکٹر لال خان اور امجد شاہسوار کی تاریخ ساز جدوجہد پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انقلابی جدوجہد کو منظم کرنا ہو گا۔

کنونشن سے نو منتخب چیئرمین آصف سید، سابق چیئرمین عرفان یعقوب، فرزند مقبول بٹ شہید شوکت مقبول بٹ، رہنما جے کے ایل ایف مہتاب احمد، صدر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ خواجہ حسن محمود، رہنما پی آر ایف اظہر رزاق، رہنما این ایس ایف آزاد توصیف نیاز، ایس ایم ابراہیم، نسیم اقبال، شبیر احمد، آصف عباس، سردار آفتاب، حسام خالق، کاشان ممتاز سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا، جبکہ نظامت کے فرائض شفقت رحیم داد نے سرانجام دیئے۔

کنونشن میں مرکزی صدر جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈڑیشن خلیل بابر اور مرکزی آرگنائزر آر ایس ایف اویس قرنی کے ویڈیو پیغامات بھی چلائے گئے۔ دونوں رہنماؤں نے کنونشن کے کامیاب انعقاد پر برطانیہ برانچ کے رہنماؤں کو مبارکباد دی، نئی قیادت سے توقع کا اظہار کیا کہ وہ برطانیہ میں نوجوانوں کو سائنسی سوشلزم کے نظریات سے مسلح کرتے ہوئے انقلابی جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے اس کنونشن کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts