خبریں/تبصرے

طارق جمیل اور وائٹل گروپ کے کاروباری مفادات نے اعجاز الحق کو پی ٹی آئی تک پہنچا دیا

لاہور (جدوجہد روپرٹ) معروف دفاعی تجزیہ کار عائشہ صدیقہ نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق فوجی آمر ضیا الحق کے صاحبزادے اعجاز الحق کی تحریک انصاف میں شمولیت کی راہ مولانا طارق جمیل نے ہموار کی ہے۔

انہوں نے اپنے ایک مضمون میں ذرائع کے حوالے سے لکھا کہ مولانا طارق جمیل نے ہی اعجاز الحق کو عمران خان کے ساتھ متعارف کروایا اور اس سیاسی انضمام کو یقینی بنانے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے لکھا کہ طارق جمیل نے یہ اقدام معروف کاروباری گروپ ’وائٹل گروپ‘ کے کہنے پر سرانجام دیا ہے۔ مذکورہ گروپ اعجاز الحق کا بھی سپانسر ہے اور طارق جمیل کے فیشن برانڈ ’ایم ڈی جے‘ میں بھی اس نے 6 ماہ قبل بھاری قیمت کے عوض زیادہ تر شیئرز خریدے تھے۔

عائشہ صدیقہ کے مطابق وائٹل گروپ کسی بھی ایسی پارٹی کو فنڈز فراہم کرنے کا خواہشمند ہے، جو ان کے علاقے میں انتخابی کامیابی کے علاوہ ان کے کاروباری مفادات کی حمایت کرنے والی حکومت کا حصہ بن سکے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ 1.8 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے جس کیس میں ایف آئی اے نے رواں سال کے اوائل میں اعجاز الحق کو نامزد کیا تھا، اس کیس کے بھی وائٹل گروپ کے ساتھ کچھ روابط تھے۔

وائٹل گروپ چائے کے کاروبار میں ایک بڑا سٹیک ہولڈر ہے اور جنوبی پنجاب میں صدر دفتر سے صابن اور مصالحے فروخت کرتا ہے۔ اس گروپ کو گزشتہ سال پی ڈی ایم حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد ٹیکس چوری کے کیس میں نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ اسکا مطلب ہے کہ کاروباری گروپ اور اعجاز الحق موجودہ مخلوط حکومت کو حریف سمجھتے ہیں۔ عمران خان کی جیت ان کے مستقبل کے مفادات کیلئے ضروری ہے۔

عائشہ صدیقی نہ لکھا کہ عمران خان ممکنہ طور پر طارق جمیل کے مشورے کو نظر انداز نہیں کر سکتے تھے، کیونکہ وہ پی ٹی آئی سربراہ کی حکمت عملی ٹیم کا حصہ ہیں، جو مذہب کو اپنی حمایت کی بنیاد بنانے کیلئے ٹیم میں شامل کئے گئے ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts