فاروق سلہریا
عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ آکسفورڈ یونیورسٹی کا چانسلر بنتے ہی بلاول بھٹو زرداری کی ڈگری کینسل کر دیں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر دھاندلی نہ ہوئی تو وہ آکسفورڈ یونیورسٹی کا انتخاب دو تہائی اکثریت سے جیت جائیں گے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ چانسلر بننے کے بعد آکسفورڈ میں جغرافیہ پڑھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی چانسلرشپ قائم ہونے کے 100 دن کے اندر اندر آکسفورڈ کو جامعہ مدینہ بنانے کے لئے انہوں نے منصوبہ ترتیب دے لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں رحونیت کی تعلیم شروع کرنے کے لئے آکسفورڈ یونیورسٹی کا القادر یونیورسٹی سے affiliation کرایا جائے گا۔ آکسفورڈ کی بجٹ ضروریات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آکسفورڈ کی زمینیں بیچ کر آکسفورڈ کی مالی مشکلات حل کر لی جائیں گی۔
یونیورسٹی میں بے حیائی اور فحاشی روکنے کے حوالے سے انہوں نے آکسفورڈ میں اسلامی جمعیت طلبہ قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
ڈریس کوڈ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طالبات کے علاوہ فیکلٹی کی خواتین رکن پر بھی سکرٹ پہننے پر پابندی لگا دیں گے کیونکہ آکسفورڈ میں پاکستانی طالب علم بھی پڑھنے جاتے ہیں اور پاکستانی طالب علم روبوٹ نہیں ہوتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آکسفورڈ کی تاریخ میں کبھی کسی چانسلر کا سکینڈل نہیں بنا، وہ پہلے چانسلر ہوں گے جن کی آڈیو لیک ہو گی۔
Farooq Sulehria
فاروق سلہریا روزنامہ جدوجہد کے شریک مدیر ہیں۔ گذشتہ پچیس سال سے شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں۔ ماضی میں روزنامہ دی نیوز، دی نیشن، دی فرنٹئیر پوسٹ اور روزنامہ پاکستان میں کام کرنے کے علاوہ ہفت روزہ مزدور جدوجہد اور ویو پوائنٹ (آن لائن) کے مدیر بھی رہ چکے ہیں۔ اس وقت وہ بیکن ہاوس نیشنل یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر درس و تدریس سے وابستہ ہیں۔