خبریں/تبصرے

پوتن 2036ء تک صدر رہ سکتے ہیں: روسی ریفرنڈم میں 77 فیصد نے ترمیم کی حمایت کر دی

لاہور (جدوجہد رپورٹ) روسی آئین میں ترامیم کے لئے ہونے والے ریفرنڈم کے ابتدائی نتائج کے مطابق 77 فیصد رائے دہندگان نے اس ترمیم کے حق میں ووٹ دیا ہے جس کے مطابق موجودہ روسی صدر 2036ء تک صدر رہ سکیں گے۔

67 سالہ ولادیمر پوتن تقریباً پچھلے بیس سال سے اقتدار میں ہیں۔ روسی آئین کے مطابق وہ 2024ء میں انتخاب لڑنے کے اہل نہ تھے مگر ریفرنڈم کے ذریعے جو ترامیم کی گئی ہیں اُس کے نتیجے میں وہ اگلے دو انتخابات میں چھ چھ سالہ مدت کے لئے صدارتی انتخاب لڑ سکتے ہیں۔

ریفرنڈم میں جو دیگر اہم ترامیم کی گئیں ان میں ہم جنس شادی پر پابندی اور خدا پر ایمان کو بنیادی قدر قرار دیا گیا ہے۔ رائے دہندگان کے پاس یہ اختیار نہیں تھا کہ وہ ہر ترمیم پر علیحدہ علیحدہ رائے دیں۔ یا تو پورے پیکیج کے حق میں ووٹ دینا تھا یا اس کے خلاف۔

اس ریفرنڈم میں رائے دہندگان کو روسی تاریخ میں پہلی مرتبہ موقع دیا گیا کہ وہ ایک ہفتے تک پولنگ میں حصہ لے سکتے تھے۔ ریفرنڈم میں 67 فیصد ٹرن آؤٹ رہا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts