فاروق سلہریا
یہ بات تو سب کو ہی معلوم ہے کہ فاختہ امن کا نشان ہے مگر یہ حقیقت شاید کم ہی لوگ جانتے ہیں کہ امن کی فاختہ کمیونسٹ تحریک نے دنیا کو دی اور امن کی اس فاختہ کو دنیا کے عظیم ترین پینٹر پابلو پکاسو نے سکیچ کیا جو کمیونسٹ پارٹی کے رکن اور فاشزم کے مخالف کے طور پر مشہور تھے۔
دوسری عالمی جنگ میں جرمنی اور جاپان کو مکمل شکست ہو چکی تھی لیکن اس جنگ کے بعد بننے والے ورلڈ آرڈر کو بدمعاشی سے تشکیل دینے کے لئے امریکہ نے ہیروشیما ناگا ساکی پر ایٹم بم گرائے۔ انسانی تاریخ کی یہ سب سے بڑی دہشت گردی تھی۔ یہ ہولناک دہشت گردی 6 اور 9 اگست کو ہوئی۔
اس جنگ کے خاتمے پر پوری دنیا امن کی خواہاں تھی۔ دنیا بھر کی ماسکو نواز کمیونسٹ پارٹیوں نے سوویت یونین کی ہدایت پر عالمی امن کی مہم شروع کی۔ اس کوشش کے نتیجے میں ورلڈ پیس کانگرس کا قیام عمل میں آیا۔ اس کا پہلا اجلاس 1949ء میں پیرس میں ہوا۔ اس کانگرس کے پوسٹر کے لئے پکاسو کے ایک سکیچ کا انتخاب کیا گیا۔ یہ اسکیچ دنیا بھر میں امن اورایک وقت پر کمیونسٹ تحریک کی علامت بن گیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پہلی عالمی امن کانگرس شروع ہونے سے ایک روز پہلے پکاسو کی بیٹی پیدا ہوئی۔ پکاسو نے اس بیٹی کا نام بھی فاختہ (Paloma) رکھ دیا۔
یہ بات بھی دلچسپ ہے کہ فاختہ کا یہ سکیچ دراصل اس فاختہ کا تھا جو پکاسو کو اس کے ایک دوست نے تحفے میں دی تھی۔
Farooq Sulehria
فاروق سلہریا روزنامہ جدوجہد کے شریک مدیر ہیں۔ گذشتہ پچیس سال سے شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں۔ ماضی میں روزنامہ دی نیوز، دی نیشن، دی فرنٹئیر پوسٹ اور روزنامہ پاکستان میں کام کرنے کے علاوہ ہفت روزہ مزدور جدوجہد اور ویو پوائنٹ (آن لائن) کے مدیر بھی رہ چکے ہیں۔ اس وقت وہ بیکن ہاوس نیشنل یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر درس و تدریس سے وابستہ ہیں۔