خبریں/تبصرے

سیاہ فام اکثریتی ریاست میں پانی کے بحران کیلئے امتیازی سلوک کی تحقیقات

لاہور (جدوجہد رپورٹ) امریکہ میں انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی نے شہری حقوق کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ تحقیقات سیاہ فام افراد کی اکثریت کی حامل امریکی ریاست مسیسیپی کے دارالحکومت جیکسن میں وفاقی حکومت کی جانب سے فراہم کئے گئے فنڈز استعمال نہ کئے جانے کی وجہ سے پانی کا بحران پیدا ہونے سے متعلق کی جا رہی ہے۔

’ڈیموکریسی ناؤ‘ کے مطابق تحقیقات کے دوران یہ معلوم کیا جائے گا کہ آیا اس اقدام کے تحت جیکسن کے ساتھ امتیازی سلوک کیا گیا یا نہیں۔ مسیسیپی نے 1996ء سے پینے کے پانی کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے وفاقی فنڈز حاصل کئے تھے، تاہم 26 سال کے عرصہ میں صرف تین بار جیکسن کو فنڈز تقسیم کئے گئے۔

یاد رہے کہ سالوں سے امریکہ میں سیاہ فام شہریوں کو پانی کے بنیادی ڈھانچے میں جان بوجھ کر ڈس انوسٹمنٹ کا سامنا کرنا پڑا ہے، شکایات درج کروانے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

ای پی اے کی جانب سے نئے شہری حقوق کے دفتر کی تشکیل کے بعد سیاہ فام اور دیگرتاریخی طور پر پسماندہ کمیونٹیز کے ساتھ برسوں سے ہونے والی نا انصافیوں کا ازالہ کئے جانے کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔

تاہم گزشتہ عرصہ میں پولیس کے ہاتھوں مارے جانے والے سیاہ فام شہریوں کے واقعات کے علاوہ دیگر امتیازی سلوک پر مبنی واقعات منظر عام پر آنے سے یہ واضح ہو رہا ہے کہ ابھی بھی امریکہ میں سیاہ فام اور دیگر پسماندہ آبادیوں کو برابری کے حقوق میسر نہیں آ سکے ہیں اور نہ ہی برابری کا سلوک روا رکھا جا سکا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts