پاکستان

آئی ایم ایف کے نئے بیل آؤٹ پیکیج کی شرائط پوری کرنے پر شکوک

لاہور(جدوجہد رپورٹ)مخصوص نشستوں پرسپریم کورٹ کے فیصلے اورٹیکسوں سے بھرپور نئے بجٹ کے بعد توجہ ایک بارپھر سیاست سے معیشت کی جانب مبذول ہو گئی ہے۔ آئی ایم ایف کے نئے 7ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکیج کی شرائط پوری کرنے کی صلاحیت پر شکوک و شبہات پیدا ہونے شروع ہو گئے ہیں۔

’ڈان‘ کی رپورٹ کے مطابق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومت اپنے 28 ارب ڈالر قرضے کی ری اسٹرکچرنگ کے لیے چین کی مدد کی خواہاں ہے۔ تاہم ذرائع کا خیال ہے کہ چین ان قرضوں کی تنظیم نو نہیں کرے گا، کیونکہ اسے خدشہ ہے کہ دیگر ممالک جیسا کے سری لنکا بھی بیجنگ سے قرضوں کی ری پروفائلنگ کی درخواست کر سکتے ہیں۔

ایک سینئر محقق نے بتایا کہ یہ اس بات کا تعین بہت اہم ہے کہ آیا حکومت 7 ارب ڈالر قرض کے معاہدے کی شرائط کو پورا کر سکتی ہے یا نہیں۔ بہر حال مجھے یقین ہے کہ حکومت کسی بھی قیمت پر اس معاہدے پر دستخط کرے گی۔

بینکر اور تجزیہ کار اس بات پر متفق ہیں کہ ملک کو اہم چیلنجز کا سامنا ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سیاسی دباؤ بڑھ رہا ہے۔

ایک سینئر بینکار نے بتایا کہ حکومت عوام کو کوئی ریلیف دینے میں ناکام رہی ہے،بلکہ ایندھن اور بجلی کی قیمتوں میں بار بار اضافہ کرکے صورتحال کو مزید خراب کر رہی ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ صرف بینک اور ایکویٹی مارکیٹ ’بدترین معیشت‘ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تاریخی منافع حاصل کر رہے ہیں۔

اس کے برعکس ٹیکسٹائل جیسے شعبے ٹیکس میں کمی اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ برآمد کنندگان بھی اپنی آمدنی پر نئے ٹیکسوں سے غیر مطمئن ہیں۔

بینکر نے سوال اٹھایا کہ مالی سال 2024 کے لیے سالانہ مہنگائی کی شرح 23.4 فیصد رہی۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے اسٹیٹ بینک سے کہا ہے کہ وہ مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھے، جس کا مطلب ہے کہ شرح سود میں جلد کوئی خاطر خواہ ریلیف نہیں دیا جائے گا۔

کاروبار کرنے کی بلند لاگت پہلے ہی مالی سال 2023 میں معاشی سکڑاؤ کا باعث بنی ہے، جبکہ شرح نمو مالی سال 2024 میں محض 2.4 فیصد رہی ہے۔

ایک تجزیہ کار نے نوٹ کیا کہ اگر سیاسی صورتحال بدستور غیر مستحکم رہتی ہے، تو مالی سال 2025 میں نمایاں نمو حاصل نہیں ہوسکے گی، جس کے نتیجے میں بے روزگاری میں ضافہ اور سیاسی بے یقینی بڑھے گی۔ آئی ایم ایف نے رواں مالی سال معاشی نمو 3.5 فیصد اور فچ ریٹنگ نے 3.2 فیصد بڑھنے کی پیشگوئی کی ہے۔

+ posts