خبریں/تبصرے

پی ٹی یو ڈی سی کے زیر اہتمام یوم مئی 2020ء: جدت اور روایت کا سنگم!

لاہور (پی ٹی یو ڈی سی/روزنامہ جدوجہد) عالمی یوم مزدور 2020ء ایک ایسے وقت میں منایا جا رہا جب دنیا کورونا وبا کی زد میں ہے۔ وبا کے پھیلاوکی روک تھام کی خاطرریاست کی جانب سے پاکستان کے مختلف حصوں میں مکمل یا جزوی لاک ڈاون نافذ کیا گیا ہے۔ جس کے باعث آبادی کا بڑا حصہ گھروں میں رہنے پر مجبور ہے۔ اس کیفیت میں روایتی طریقہ کار سے بڑے پیمانے پرریلیاں اور جلسوں کا انعقاد کرنا ممکن نہیں تھا۔ لہٰذا اس ابتر صورتحال میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (پی ٹی یو ڈی سی) کی جانب سے ملک کے 25سے زائد مقامات میں ’سماجی فاصلے‘ اور دیگر حفاظتی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے یوم مئی کی محدود تقاریب کے ساتھ ساتھ ’ورچیوئل یوم مئی2020ءریلی‘اہتمام کیا گیا۔ جس کو سوشل میڈیا کے ذریعے نشر کیا گیا۔ ریلی کا آغاز صبح 10 بجے ہوا اور یہ شام تک جاری رہی۔ اس دوران دنیا بھر سے سینکڑوں افراد اس ریلی کا حصہ بنے۔ اس ریلی سے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے عہدے داران سمیت پورے ملک کے مختلف حصوں سے 34 سے زائد ٹریڈ یونیز، مزدوراور طلبہ تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 45 سے زائد رہنماوں نے خطاب کیا۔ اس کے ساتھ سپین، برطانیہ اور ملائیشیا سے پی ٹی یو ڈی سی اور جمو ں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن   ( JKNSF) کے رہنماوں نے بھی خصوصی خطاب کیا۔

ورچیوئل یوم مئی2020ءریلی

مقررین میں پی ٹی یو ڈی سی سے نذرمینگل (مرکزی چیئرمین)، انور پنہور ( صوبائی صدر سندھ)، بشری عزیز ( ویمن آرگنائزر آزاد کشمیر)، نثار چانڈیو ( حیدر آباد)، طارق چغتائی (آرگنائزرآزاد کشمیر)، شاہد انور ( رہنما شمالی پنجاب) اور پرشوتم (رہنما میرپور خاص) سمیت عباس تاج صدر پینٹرز یونین صادق آباد، ڈاکٹر سرمد رہنما گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب، اعظم سواتی نادرا ایمپلائز یونین، جاوید احمد صدر میونسپل کمیٹی ایمپلائز یونین راولپنڈی، فاروق طارق کسان رابطہ کمیٹی، ملک فتح رہنما واپڈا ہائیڈرو یونین، راجہ عمران رہنما ریلوے لیبر یونین، سراج خٹک صدر پیپلز لیبر بیورو ضلع اٹک، عزیز عباس برطرف ملازمین میونسپل کمیٹی صادق آباد، ابرار لطیف مرکزی چیئرمین جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن، یاسر حنیف جنرل سیکرٹری ’JKNSF‘، سعد ناصر آزاد کشمیر ٹیچرز یونین، امجد شہسوار سابق صدر ’JKNSF‘ و آرگنائزر ’PTUDC‘ ملائیشیا، آفتاب احمد ضلعی جنرل سیکرٹری ’PWD‘ یونین آزاد کشمیر، عرفان یعقوب چیئرمین ’JKNSF‘ برطانیہ برانچ، عصمت اللہ عابد ضلعی جنرل سیکرٹری ’YDA‘ آزاد کشمیر، فوزیہ فاطمہ رہنما پاکستان سیکرٹریٹ ایمپلائز، ملک شکیل اعوان سیکرٹری نشرواشاعت آل پاکستان پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن، عمرعبداللہ آرگنائزر انقلابی طلبہ محاذ ( RSF)، حبیب چانڈیو صدر ’PWD‘ یونین رحیم یار خان، محمد توقیر کنوینر آل پاکستان پی ٹی سی ایل پنشنرز، شیخ عدنان علی جنرل سیکرٹری ٹریٹ کارپوریشن ایمپلائز یونین حیدرآباد، محمد سمیع طالب علم رہنما ’BZU‘ ملتان، حمید اخترچیئرمین بلدیہ یونین کوٹ ادو، اکرم نوری صدر پاور لومز لیبر یونین ملتان، خلیل بابر سابق نائب صدر ’JKNSF‘، سید عارف شاہ چیرمین یوٹیلٹی سٹورایمپلائز یونین، شیخ مجید چیئرمین سکائی ویز یونین پی آئی اے، رمضان لغاری صدر پیپلز یونٹی راولپنڈی، اکبر میمن رہنما جوائنٹ ایکشن کمیٹی پاکستان سٹیل ملز، لیاقت ساہی صدر ڈیموکریٹک یونین سٹیٹ بینک آف پاکستان، سندس رہنما شعبہ صحت ملازمین، جہانزیب بابر مزدور رہنما فاطمہ فرٹیلائزر، نواب دین لاشاری جنرل سیکرٹری ’FFC‘ مزدور یونین صادق آباد، چوہدری آصف کریم ایڈووکیٹ ملتان، اصغر دشتی رہنما گڈو پاور پلانٹ مزدور یونین کشمور، حبیب چانڈیو ضلعی صدر ’PWD‘ رحیم یار خان، بلال رند آرگنائزر ’PTUDC‘ سپین، رابعہ بینک ملازم اور آصف شاہین مرکزی صدر ہیلتھ ایمپلائز آرگنائزیشن آزاد کشمیرشامل تھے۔

مقررین نے اپنے خطاب کے دوران سرمایہ دارانہ نظام کی بربریت پراظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ کورونا بحران نے طبقاتی سماج کی اصلیت کو محنت کشوں کے سامنے عیاں کر دیا ہے۔ اس وقت پوری سرمایہ داری سجدہ ریز نظر آرہی ہے۔ پوری دنیا میں صحت کے نظام کی ابتر صورتحال عیاں ہے، لیکن دوسری جانب دیکھا جائے تو پاکستان میں لاک ڈاون کے باعث محنت کش طبقے کی صورتحال ابتر ہو چکی ہے۔ جبری بر طرفیوں اور تنخواہوں میں کٹوتیوں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع کیا جا چکا ہے۔ ریاست کی جانب سے بھی محنت کشوں کے لئے ٹھوس اقدامات نہیں کئے جا رہے۔ مقررین نے کورونا وائرس کے خلاف سرگرم عمل شعبہ صحت کے محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر انہیں حفاظتی سامان مہیا کیا جائے اور ان کے تمام مطالبات تسلیم کئے جائیں۔ مقررین نے ’PTUDC‘ کی جانب سے کورونا کے خلاف حکمت عملی اور مطالبات و پروگرام کی تائید کی۔

آخر میں تمام بحث کو سمیٹتے ہوئے ’PTUDC‘ کے مرکزی جنرل سیکرٹری قمرالزمان نے تمام مقررین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کورونا کے خلاف عالمی سطح پر محنت کشوں کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ثابت ہو چکا ہے کہ صرف محنت کشوں کا اتحاد ہی کورونا وبا اور سرمایہ داری کا خاتمہ کر سکتا ہے۔ جس کے لئے جدوجہد تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

 

کوئٹہ

کوئٹہ میں پاکستان ورکرزکنفیڈریشن بلوچستان، متحدہ لیبر فیڈریشن بلوچستان، بلوچستان لیبر فیڈریشن، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور دیگر مزدور تنظیموں کے زیر اہتمام مزدوروں کا عالمی دن کورونا وائرس کی وبا کے باعث انتہائی سادگی سے منایا گیا۔ مختلف تنظیموں سے تعلق رکھنے والے محنت کش ایریگیشن آفس کوئٹہ کے لان میں اکٹھے ہوئے۔ جلسے میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض لالا زمان نے ادا کیے۔ جلسے کی صدارت ماما سلام بلوچ نے کی جبکہ مہمان خاص پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے سیکرٹری محمد حسن بلوچ تھے۔ اس جلسے سے ماماسلام بلوچ، محمد حسن بلوچ، ’PTUDC‘ کے حمید خان، مارٹن ڈاو فیکٹری کے منظور بلوچ، ایریگیشن ایمپلائز یونین کے علی بخش جمالی اور دیگر نے خطاب کیا۔

قلات

قلات میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے زیراہتمام یوم مئی کی مناسبت سے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں ’PTUDC‘ کے کارکنان نے شرکت کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس میں آئی ایم ایف کی سامراجی پالیسیوں اور موجودہ حکومت کی مزدور دشمن اقدامات کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرے سے ’PTUDC‘ کے مرکزی چیئرمین نذرمینگل نے خطاب کرتے ہوئے شکاگو کے محنت کشوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

کراچی

اخترکالونی کراچی میں یوم مزدور کے حوالے سے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے زیراہتمام محدود تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں انقلابی طلبہ محاذ، بیروزگار نوجوان تحریک (BNT) اورجموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے رہنماوں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران شہدا شکاگو کی جدوجہد اور قربانیوں کو سرخ سلام پیش کیا گیا۔

کراچی II

گلشنِ معمار کراچی میں بھی ایک نشست کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں شہدا شکاگو اور محنت کشوں کی لازوال جدوجہدکو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس نشست میں نوجوانوں سمیت محنت کش بھی موجود تھے۔ نشست کے اختتام پرشرکا نے دنیا بھرکے محنت کشوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے علامتی مظاہرہ کیا۔

دادو

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے زیراہتمام شکاگو کے محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے میونسپل پارک میں ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں کورونا وبا کے خلاف حفاظتی اقدامات کو یقینی بناتے ہوئے محنت کشوں کی محدود تعداد نے شرکت کی۔ ریلی سے انقلابی طلبہ محاذکے کامریڈ عمران زونر، کامریڈ راحیل زونر، ہائی ویز لیبر یونین کے رہنما کامریڈ موریل پنہور، رکشہ یونین کے رہنما کامریڈ عباس وگھیواور’ PTUDC‘ کے رہنما حنیف مصرانی نے خطاب کیا۔

بھان سعید آباد

بھان سعید آباد میں یوم مئی کی مناسبت سے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین صوبہ سندھ کے صدر انور پنہور کی زیرقیادت تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں محنت کشوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران مقررین نے شکاگو کے محنت کشوں کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج محنت کشوں کو درپیش مشکلات کا حل صرف سوشلسٹ انقلاب میں ہے۔ تقریب کا اختتام مزدوروں کاعالمی گیت انٹرنیشنل گا کر کیا گیا۔

سیہون

یوم مئی کے موقع پر سیہون میں ’PTUDC‘ کے زیراہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مقررین نے مزدوروں کے عالمی دن کی اہمیت، سرمایہ دارانہ نظام کے بحران اور آج کے مزدوروں کی حالت زار، ٹھیکیداری سسٹم، جبری برطرفیاں، تنخواہوں میں کمی اور یونین سازی پرعائد قدغنوں پرروشنی ڈالی۔

خیرپورناتھن شاہ

خیر پور ناتھن شاہ میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اوربیروزگار نوجوان تحریک کے زیراہتمام یوم مئی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شکاگو کے محنت کشوں کوخراج تحسین پیش کیا گیا۔ شرکا میں اعجاز بگھیو، سہیل چانڈیو اوردیگرشامل تھے۔

میرپوربتھیورو

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے زیراہتمام پریس کلب میرپوربتھیورو میں یوم مئی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع سجاول کے رہنما کامریڈ سکندر نے یوم مئی کے تاریخی پس منظراورآج اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

 

رحیم یار خان

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور ڈسٹرکٹ ورکرز ایکشن کمیٹی رحیم یار خان کے زیراہتمام عالمی یوم مزدور کے سلسلہ میں علامتی احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں علی ملک، عمران ارشد، ندیم ملک، ربانی بلوچ، نعیم مہاندرہ، کسان رہنما ایم ڈی گانگا، پیپلز پارٹی کے رہنما نذیر لاڑ ایڈووکیٹ، حسن نواز نیازی، سمیع بلوچ، اسماعیل خان ڈاہر ایڈووکیٹ، عمیر خان ڈاہر، عمیر بھٹی، سجاد شاہ ایڈووکیٹ اور دیگر نے شکاگو کے عظیم مزدور شہدا کو خراج تحسین پیش کیا اورہر طرح کے استحصال و جبر سے نجات کا واحد راستہ سوشلسٹ انقلاب کو قراردیا۔

جام پور

شکاگو کے محنت کش شہداکو خراجِ تحسین پیش کر نے کیلئے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین، ا نقلابی طلبامحاذ اور بیروزگار نوجوان تحریک کے زیراہتمام سیاسی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں جام پور، کوٹلہ مغلاں، طلائی، محمد پور اور فاضل پورسے ا نقلابی دوستوں نے شرکت کی۔ تقریب سے کامریڈ روف لنڈ، شہر یار ذوق، قاری بلال، عبدالکریم محسن، آصف گشکوری، فخر اعوان، اسد امین گوپا نگ، عمار اجمل، سقراط لنڈ، باسط سومرو، طیب رفیق، حاتم لنڈ اور کامریڈ ظفر احمد نے خطاب کیا۔

کوٹ ادو

کوٹ ادو میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور مزدورایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام یوم مئی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ’PTUDC‘ کے رہنما ندیم پاشا، علی اکبر اور مزدور ایکشن کمیٹی سے عامر لطیف اور حمید اختر نے خطاب کیا۔ کورونا کے خلاف صف اول پر لڑنے والے ہیلتھ سٹاف سے اظہار یکجہتی کی گئی اور سوشلسٹ انقلاب تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا عیادہ کیا گیا۔ آخر میں شرکا نے کارل مارکس کی زندگی پر بنی ہوئی فلم ’دی ینگ مارکس‘ دیکھی اور مارکس کی تعلیمات پر سیرحاصل بحث کی گئی۔

لاہور

مزدورں کے عالمی دن کے موقع پر ریلوے لیبر یونین لاہور کے کارکنوں کے جلسے سے قائد لیبر یونین محمد سرفرازخان مرکزی صدر، چوہدری عنایت علی گجر مرکزی سیکرٹری جنرل، رانا طارق محمود، مرکزی رہنما محمد عمران اور مرکزی سیکرٹری نشرواشاعت محمد عاصم نے خطاب کرتے ہوئے اِس عزم کا اظہار کیا کہ شگاگو کے محنت کشوں کی طرح ریلوے کے مزدور بھی جہدوجہد جاری رکھیں گے۔ مطالبہ کیا گیا کہ آنے والے بجٹ میں مزدورں کی تنخواہ میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے۔

فیصل آباد

جواد کلب فیصل آباد میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور بیروزگار نوجوان تحریک کے زیراہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے ’PTUDC‘ کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری عمر رشیداور ارسلان، انقلابی طلبہ محاذ کے علی تراب، ’BNT‘ کے شرجیل اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے موجودہ کورونا بحران کے باعث محنت کشوں کی حالت زار پر مفصل بحث کی اور محنت کشوں کے حقوق کے لئے وسیع تربنیادوں پر تحریک چلانے کی حکمت عملی مرتب کی۔

سیالکوٹ

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے زیراہتمام شکاگو کے محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے سیالکوٹ میں یوم مئی کی شام ایک علامتی احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوانوں اور محنت کشوں نے شرکت کی۔ مظاہرے کے دوران حاضرین نے سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف اور سوشلسٹ انقلاب کے حق میں نعرے بازی کی۔ مظاہرے سے ’PTUDC‘ کے ضلعی صدر ناصر بٹ، انقلابی طلبہ محاذ کے ایاز ٹیپو، انصر باغی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے سوشلسٹ انقلاب تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا عیادہ کیا۔

حسن ابدال

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور انقلابی طلبہ محاذ کے زیراہتمام حسن ابدال میں یکم مئی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں حسن ابدال کے مزدوروں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض کامریڈ ثاقب نے سرانجام دیئے جبکہ پیپلز لیبر بیورو کے ضلعی صدر اٹک کامریڈ سراج گل خٹک اور’PTUDC‘ کے کامریڈ شاہد انور نے تقریب سے خطاب کیا۔ مقررین نے شہدائے شکاگو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے موجودہ صورتحال میں مزدوروں کو درپیش مسائل پرروشنی ڈالی۔

مالاکنڈ

پی ڈبلیو ڈی لیبر یونین مالاکنڈ کے زیر اہتمام یکم مئی عالمی یوم مزدور کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب سے مختلف تنظیموں کے عہدے داران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ’PTUDC‘ کے مرکزی نائب صدرغفران احد ایڈووکیٹ، پی ڈبلیو ڈی لیبر یونین کے صوبائی صدر گل زمین، ضلعی صدر فقیر شاہ، ایریگیشن ایمپلائز یونین کے صوبائی جنرل سیکرٹری محمد نبی، ضلعی صدر شفیع اللہ، آل کلاس فور ایمپلائز یونین مالاکنڈ کے صدر پیرسعید خان اور اقبال زمان نے خطاب کیا۔

سوات

عالمی یوم مزدور کی مناسبت سے پا کستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے زیراہتمام گوالیر سوات میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں محنت کشوں اور طلبہ نے شرکت کی۔ سیمینار کی میزبانی کے فرائض رفعت علی نے ادا کئے جبکہ خیراللہ، باچا زادہ، خورشید علی، رشید شیلمانی اور عبدالمالک نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ شگاگو کے مزدورں کی جدوجہد کوایک صدی سے زائد عرصہ ہو چکا ہے لیکن آج بھی محنت کش تلخ حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کی جدوجہد کی حتمی منزل سرمایہ دارانہ نظام کو اکھاڑ پھینک کر سوشلسٹ سماج کا قیام کرنا ہے۔

پاکستانی زیرانتظام کشمیر

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں آٹھ مقامات پر جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کیمپئین کے زیراہتمام یوم مزدورکے موقع پرعلامتی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ لاک ڈاون کی وجہ سے کہیں بھی بڑا جلوس منعقد نہیں کیا گیا۔

مظفرآباد

پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں منعقدہ علامتی احتجاج کے موقع پر سابق مرکزی صدر جے کے این ایس ایف راشد شیخ، پی ٹی یو ڈی سی کے رہنما طارق چغتائی، این ایس ایف کے رہنما مروت راٹھور، پی ٹی یو ڈی سی رہنما اویس علی، راجہ نصیر اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

راولاکوٹ

راولاکوٹ میں این ایس ایف کے مرکزی سیکرٹریٹ میں یوم مزدور کے حوالے سے سیمینار اور علامتی احتجاج کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار سے سابق صدر این ایس ایف بشارت علی خان، پی ٹی یو ڈی سی کے ضلعی آرگنائزر عمر شفیع، بلال آمین، التمش تصدق، بدر رفیق اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

کھائی گلہ

کھائی گلہ شہر میں این ایس ایف اور پی ٹی یو ڈی سی کے زیر اہتمام یوم مزدور کے موقع پر علامتی احتجاج کا انعقاد کیا گیا۔ اس علامتی احتجاج سے مرکزی صدر این ایس ایف ابرار لطیف، پی ٹی یو ڈی سی رہنماوں جنت حسین، کامریڈ فاروق، واجد خان، زاہد اقبال ایڈووکیٹ، ریاض بلوچ، این ایس ایف کے رہنما وقاص بشیر اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

علی سوجل

علی سوجل کے مقام پر این ایس ایف اور پی ٹی یو ڈی سی کے زیر اہتمام یوم مزدور کے موقع پر علامتی احتجاج کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام سے سابق چیف آرگنائزر جے کے این ایس ایف تنویر انور، چیئرمین شعبہ نشرواشاعت شفقت رحیم داد اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

ہجیرہ

ہجیرہ میں جے کے این ایس ایف کے زیر اہتمام یوم مزدور کے سلسلہ میں علامتی احتجاج کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام سے ڈپٹی سیکرٹری مالیات این ایس ایف کامریڈ ارسلان شانی، کامریڈ اسامہ، عثمان عزیز اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

سہنسہ کوٹلی

سہنسہ کوٹلی میں بھی پی ٹی یو ڈی سی اور این ایس ایف کے زیر اہتمام یوم مزدور کے سلسلہ میں علامتی احتجاجی پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس احتجاجی پروگرام سے کامریڈ یاسر لاہوری اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

پلندری

پلندری میں پی ٹی یو ڈی سی اور این ایس ایف کے زیر اہتمام علامتی احتجاجی پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں پی ٹی یو ڈی سی کشمیر کے رہنما کامریڈ عبدالواحد، سعد جمال ناصر اور دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔

داتوٹ

داتوٹ میں جے کے این ایس ایف اور پی ٹی یو ڈی سی کے زیر اہتمام شوکت آباد بازار میں یوم مزدور کے سلسلہ میں علامتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام سے سابق سینئر نائب صدر این ایس ایف خلیل بابر، کامریڈ ذوالفقار شبیر، عادل بشیر اور اسد انور نے خطاب کیا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts