اسلام آباد (جدجہد رپورٹ) 14 اکتوبر پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کو سبوتاژ کرنے کے لئے حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی، پہلے انتظامیہ کی جانب سے تمام قافلوں کو روکنے کی کوشش کی جاتی رہی اور رہنماؤں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں گئیں۔ اب خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف سرکاری دفاتر اور ہسپتالوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے ملازمین کو احتجاج سے روکا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ڈی چوک پر کنٹینر لگا کر پارلیمنٹ کی جانب راستے بند کئے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر آل پاکستان ایمپلائز، پینشنزر و لیبر تحریک کے رہنماوں کا کہنا ہے کہ یہ اوچھے ہتھکنڈے جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتے۔ آج ہر حال میں محنت کشوں کا سمندر احتجاج کے لئے اسلام آباد پہنچے گا۔ ہمیں سنگین اقدامات اٹھانے پر مجبور نہ کیا جائے، پرامن احتجاج میں رکاوٹیں ختم نہ کیں گئیں یا بزور طاقت احتجاج کو ختم کروانے کی کوشش کی گئی تو ملک بھر کے محنت کش پورا ملک جام کر دیں گے۔