خبریں/تبصرے

مسکراہٹوں کا قتل: افغان کامیڈین کو ’سادہ لباس‘ طالبان نے ہلاک کر دیا

لاہور (جدوجہد رپورٹ) افغانستان کے جنگ زدہ صوبے قندھار میں مشہور افغان مزاح نگار نذر محمد المعروف ’خاشا زوان‘ کو قتل کر دیا گیا ہے۔ خاشازوان کو جمعرات کی شب اغوا کیا گیا تھا اور بعد ازاں انہیں قتل کر دیا گیا۔

طلوع نیوز کے مطابق مزاح نگار خاشازوان کے خاندان نے الزام عائد کیا ہے کہ خاشا زوان کو طالبان نے قتل کیا ہے جبکہ طالبان نے اس واقعے میں کسی بھی طرح سے ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ یہ واقعہ افغان فورسز اور شہریوں پرطالبان کے جاری حملے کے دوران پیش آیا ہے۔

مذکورہ واقعہ کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ مذکورہ ویڈیو میں بندوق بردار طالبان کے درمیان گاڑی میں خاشا زوان بیٹھے دکھائی دیتے ہیں جبکہ ایک مسلح شخص انکے چہرے پر تھپڑ رسید کرتے ہوئے پشتو میں ان پر چیختے ہوئے دکھائی دیتا ہے۔ چہرے پر مسلسل تھپڑ مار کر مزاح نگار کی تذلیل کی جا رہی ہے۔

ایک ٹویٹرصارف مشاہد باچا نے خاشا زوان کے قتل کی خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ”ظالمو درندوں نے جنگ زدہ قوم کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے والے اسپین بولدک اور قندھار کے نامور کامیڈین ”خاشا زوان“ کوبے دردی سے قتل کردیا ہے، مرنے سے کچھ دیر پہلے خاشا زوان نے ان درندوں کو ہنسانے کی ناکام کوشش کی لیکن انسانیت سے عاری دہشت گرد طالبان نے اس معصوم کو بیدردی سے قتل کر دیا۔“

Roznama Jeddojehad
+ posts