خبریں/تبصرے

مختلف شہروں میں عورت مارچ، اسلام آباد پولیس کا خواتین پر لاٹھی چارج

لاہور (جدوجہد رپورٹ) نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر عورت مارچ کے شرکا پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور ریلی کو مبینہ طور پر روکنے کی کوشش کی۔ تاہم خواتین نے مزاحمت کرتے ہوئے مارچ کا انعقاد یقینی بنایا۔

واقعہ کے خلاف خواتین سمیت ملک بھر میں سماجی و سیاسی شخصیات کی جانب سے شدید رد عمل کے بعد خواتین پر لاٹھی چارج میں ملوث پولیس اہلکاران کو معطل کر کے واقعے کی انکوائری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ سمیت دیگر ذمہ داران نے خواتین پر تشدد کی مذمت بھی کی ہے اور اسلام آباد پولیس کی جانب سے معافی بھی مانگی گئی ہے۔

بدھ کے روز ریلی کے شرکا اور پولیس کے درمیان زبانی جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب خواجہ سراؤں کی ایک بڑی تعداد ریلی میں شرکت کیلئے پہنچ رہی تھی۔ پولیس نے خواجہ سراؤں کے جلوس کو روکنے کی کوشش کی۔ عورت مارچ کے منتظمین کی پولیس کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے خواتین پر لاٹھی چارج کیا گیا۔

مارچ منتظمین کا کہنا تھا کہ ’ٹرانس جینڈر افراد پرفارم کر رہے تھے، تو پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا، جس کی وجہ سے ان میں سے کچھ زخمی ہوئے۔‘

منتظمین میں سے ایک نے ’ڈان‘ کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ ’پولیس اہلکاروں نے ہمیں دھکیلنا شروع کیا تو ہم پیچھے ہٹ گئے، پھر انہوں نے لڑنا شروع کر دیا، ہم نے بھی مزاحمت کی۔‘

ہر سال کی طرح اس سال بھی عورت مارچ پاکستان کے مختلف شہروں میں منعقد کئے گئے۔ دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور اور ملتان کے علاوہ سندھ کے مختلف شہروں میں عورت مارچ کے علاوہ 8 مارچ کے سلسلہ میں محنت کش خواتین کی ریلیاں، جلسے، جلوس اور سیمینارز منعقد کئے گئے۔

مظاہرین کی جانب سے خواتین کے حقوق کی بازیابی، سیلاب متاثرین کی بحالی اور ماحولیاتی انصاف کی فراہمی سمیت دیگر مطالبات پیش کئے گئے اور خواتین کے دہرے اور تہرے استحصال کے خاتمے اور معاشرے میں ہر سطح پر مساوی نمائندگی اور حقوق فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ عورت مارچ کے انعقاد کیلئے حکومت کی طرف سے اجازت دینے سے انکار کیا گیا تھا۔ لاہور میں ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد انتہائی پیچیدہ اور مشروط اجازت نامہ جاری کیا گیا۔ تاہم عورت مارچ کی مجوزہ جگہ کو بھی تبدیل کر دیا گیا۔ عورت مارچ ناصر باغ کی بجائے پریس کلب تا نادرا دفتر منعقد کیا گیا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts