خبریں/تبصرے

ایشیا پیسیفک خطہ 2030ء تک پائیدار ترقی کے اہداف حاصل نہیں کر سکے گا

لاہور (جدوجہد رپورٹ) اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں بدھ کو کہا گیا ہے کہ ایشیا پیسیفک خطہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے 2030ء کے ہدف سے کئی دہائیوں تک محروم رہے گا۔ خطے میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے درکار سالوں کی کل تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

’ڈان‘ کے مطابق اقوام متحدہ کے اقتصادی اور سماجی کمیشن برائے ایشیا و بحر الکاہل کی جانب سے جاری کردہ پائیدار ترقی کے اہداف سے متعلق رپورٹ کے مطابق خطے میں تمام 17 اہداف کو حاصل کرنے کی طرف اوسط مجموعی پیش رفت 2017ء میں 4.4 فیصد سے بڑھ کر 2022ء میں 14.4 فیصد ہو گئی ہے۔ تاہم اہداف ابھی بہت دور ہیں۔ موجودہ رفتار کے مطابق یہ خطہ 2030ء تک 118 اہداف میں سے 90 فیصد سے محروم ہو جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق ہمیں اہداف کے حصول کیلئے عزائم سے دستبردار نہیں ہونا چاہیے، لیکن ہمیں ایک پائیدار خوشحال اور جامع مستقبل کے حصول کیلئے تیزی سے کام کرنے، ہوشیاری سے سوچنے، ذہین سرمایہ کاری کرنے، عالمی شراکت داری کو مضبوط کرنے اور پائیدار ترقی کے اہداف کیلئے اجتماعی وابستگی پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔

2015ء کے بعد سے عالمی ایجنڈوں کے نفاذ میں کئی رکاوٹیں آئی ہیں۔ عالمی پائیدار ترقی کیلئے کثیر الجہتی تعاون کی کمی، تارکین وطن کا بحران، موسمیاتی تبدیلی، تجارتی جنگیں، بڑھتی ہوئی عدم مساوات، صحت کا بحران اور جغرافیائی سیاسی تنازعات ان رکاوٹوں میں شامل ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts