خبریں/تبصرے

امریکی فوج ماحولیاتی آلودگی پھیلانے میں نمبر 1: 25،000 کلو ٹن کاربن روزانہ خارج

عدنان فاروق

ایک ادارے کے طور پر امریکی فوج دنیا میں آلودگی پھیلانے کے حوالے سے عالمی سطح پر بد ترین ادارہ ہے۔ اگر امریکی فوج کو ایک ملک تصور کر لیا جائے تو ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے ممالک کی درجہ بندی میں اس کا نمبر 47 واں ہو گا۔ امریکی فوج پیرو اور پرتگال کے برابر ماحول کو آلودہ کر رہی ہے۔

اس بات کا انکشاف ایک تازہ تحقیقی مقالے میں کیا گیا ہے جو”رائل جیوگرافیکل سوسائٹی“ نامی جریدے میں دو ماہ قبل شائع ہوا۔ یہ تحقیقی مقالہ بنجمن نیمارک (لنکاسٹر یونیورسٹی)، اولیور بیلچر (ڈرہم یونیورسٹی) اور پیٹرک بگر (لنکاسٹر یونیورسٹی) نے مشترکہ طور پر تحریر کیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی فوج پوری دنیا میں متحرک ہے۔ اسے نہ صرف اسلحے کی ترسیل بلکہ اپنی افواج کے لئے خوراک اور دیگر ضروری اشیا بھی بھیجنا ہوتی ہیں۔ امریکی افواج کے فوجی آپریشنز کتنے بڑے اور پھیلے ہوئے ہیں، اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 2015-17ء کے دوران امریکی افواج 76 ممالک میں متحرک تھیں۔ 15 ممالک پر فضائی یا ڈرون حملے کئے جا رہے تھے۔ 44 ممالک میں اڈے تھے۔ 15 میں فوجی کاروائیاں کی جا رہی تھیں۔ 56 میں دہشت گردی کے خلاف تربیت دی جا رہی تھی۔

2017 ء میں امریکی فوج نے 269,230 بیرل تیل روزانہ کی بنیادوں پر خریدا۔ اس کا مطلب ہے 25,000 کلو ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ فی دن کے حساب سے خارج کی گئی۔ امریکی ائرفورس نے 4.9 ارب ڈالر، نیوی نے 2.8 ارب ڈالر، بری فوج نے 497 ملین ڈالر اور میرینز نے 36 ملین ڈالر کا تیل خریدا۔ گویا8 ارب ڈالر سے زائد کا تیل استعمال ہوا۔

محقیقین کے مطابق ماحولیات کے لئے بھی ضروری ہے کہ دنیا میں امن ہو اور امریکہ فوج کی بجائے امن پر اخراجات کرے۔

Adnan Farooq
+ posts

عدنان فاروق ایک صحافی اور ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹ ہیں۔