عدنان فاروق
گذشتہ روز ماحولیات کے تحفظ کے لئے جدوجہد کی عالمی علامت بن جانے والی سویڈن کی سولہ سالہ کارکن گریتا تھن برگ کے لئے اسٹاک ہوم میں ”را ئٹس لائیولی ہڈ ایوارڈ“(Rights Livelihood Award)کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس ایوارڈ کو متبادل نوبل انعام بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہ ایوارڈ بھی سویڈن کی ایک تنظیم جاری کرتی ہے اور اس ایوارڈ کے جیتنے والوں کو سویڈن کی پارلیمنٹ میں یہ ایوارڈ دیا جاتا ہے۔
یہ انعام ماضی میں پاکستان کی عاصمہ جہانگیر کو بھی مل چکا ہے۔ اس سال گریتا تھن برگ کے علاوہ جن لوگوں کو یہ ایوارڈ دیا گیا ان میں
امیناتو حیدر بھی شامل ہیں۔ انہیں ”مغربی صحارا کا گاندھی“بھی کہا جاتا ہے۔ مغربی صحارا کے بربر قبائل مراکش کے جبر کا شکار ہیں اور اپنے قومی حقوق کے لئے سر گرداں ہیں۔ امیناتو نے ان حقوق کے لئے پر امن جدوجہد کی ہے۔ کشمیر پر دنیا سے گلے شکوے کرنے والے پاکستانیوں کو شاید معلوم بھی نہ ہو کہ مغربی صحارا میں کیا ہو رہا ہے، بربر قوم کے لئے آواز اٹھانا تو دور کی بات ہے۔ امیناتو حیدر نے جیل بھی کاٹی اور تشدد کا شکار بھی بنائی گئیں۔
اس سال یہ ایوارڈ چین کی گیاؤ ژیان می کو بھی دیا گیا ہے۔ انہیں یہ ایوارڈ انسانی حقوق کی جدوجہد کرنے پر دیا گیا ہے۔ اسی طرح برازیل میں وہاں کے مقامی باشندوں کی ایک تنظیم کو بھی اس انعام سے نوازا گیا ہے۔