لاہور (جدوجہد رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف (پی ڈی آئی) کے گزشتہ روز لاہور میں ہونے والے جلسہ کے باعث اقبال پارک کو کم از کم 80 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا ہے۔ ’ٹربیون‘ کے مطابق پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی لاہور (پی ایچ اے) کی جانب سے پارک میں ہونے والے نقصانات کا سروے شروع کر دیا گیا ہے اور تقریباً 1 کروڑ 20 لاکھ روپے کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ تاہم حتمی رپورٹ آج سامنے آنے کا امکان ہے۔
جلسے کی وجہ سے گریٹر اقبال پارک کے بیشتر پارکس اور چھوٹے پودے تباہ ہوئے ہیں، جبکہ پی ایچ اے انتظامیہ کی جانب سے صدر دروازوں کو لگائے جانے والے تالے بھی جلسے میں آنے والے شرکا نے توڑ دیئے ہیں۔
پارک کے پرواجیکٹ ڈائریکٹر جاوید حامد کے مطابق پی ٹی آئی نے سابقہ جلسے میں 40 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا تھا، جس کی رقم اب تک ادا نہیں کی گئی ہے اور اب مزید نقصان ہوا ہے، جس کی رپورٹ تیار کر کے پی ٹی آئی قیادت کو بھجوائیں گے۔