خبریں/تبصرے

آسٹریلیا سے دھواں لاطینی امریکہ پہنچ گیا، 400 میگا ٹن کاربن ڈائی آکسائڈ ہوا میں خارج

لاہور (جدوجہد رپورٹ) آسٹریلیا کے جنگلوں میں لگی آگ دنیا بھر کے ماحول کے لئے ایک خطرہ بنی ہوئی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق اس آگ سے نکلنے والا دھواں گیارہ ہزار کلومیٹر دور، سمندروں کی دوسری جانب لاطینی امریکہ تک پہنچ گیا ہے۔

عالمی محکمہ موسمیات (ڈبلیو ایم او) کے مطابق چلی کا آسمان اس دھوئیں میں چھپ گیا اور ارجنٹینا کے دارلحکومت بیونس آئرس میں دو دن قبل شام کا سورج اس دھوئیں سے دھندلا گیا۔

اس آگ سے اب تک 400 میگاٹن کاربن ڈائی آکسائڈ ہوا میں خارج ہو چکی ہے۔ یہ پورے کرۂ ارض کے لئے ایک خطرہ ہے۔ اس آگ سے فضا میں جو راکھ خارج ہوئی ہے، وہ نیوزی لینڈ کے گلیشیرز پر جا کر بیٹھ گئی ہے جس کے نتیجے میں ان گلیشیرز کے پگھلنے کا عمل تیز ہونے کا شدید خدشہ لاحق ہو گیا ہے۔

ادھر یہ خبریں بھی آئی ہیں کہ آسٹریلیا کی حکومت نے دس ہزار اونٹ ہلاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ خشک سالی کی وجہ سے، حکومت کے مطابق، پانی کی کمی ہے اور اونٹ نہ صرف پانی کے وسائل پر بوجھ ہیں بلکہ وہ پانی کی تلاش میں آبادیوں کا رخ کرتے ہیں اور پانی کی ٹنکیوں کو بھی توڑ دیتے ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts