عدنان فاروق
کراچی اور لاہور برسات کی وجہ سے پانی اور کچرے کے ڈھیروں میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ حکومت کے حامی چینل کراچی کی بدحالی کو بہت کوریج دے رہے ہیں۔ جواب میں سوشل میڈیا پر پیپلز پارٹی کے حامی لاہور کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں۔ سچ تو یہ ہے کہ کراچی اور لاہور، دونوں ہی رہنے کے لئے دنیا کے بد ترین شہر ہیں۔
دنیا میں رہنے کے لحاظ سے شہروں کی عالمی درجہ بندی کے لئے چار انڈیکس مشہور ہیں۔ آئیے دو کا جائزہ لیتے ہیں۔
اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ کے گلوبل لویبلٹی انڈیکس (Global Liveability Index) کے مطابق، رہنے کے لحاظ سے کراچی دنیا کا پانچواں بدترین شہر ہے۔ 2019ء میں جاری ہونے والے اس انڈیکس میں دنیا کے 140 شہروں کا جائزہ لیا گیا اور دنیا کے بد ترین دس شہر مندرجہ ذیل تھے (یاد رہے: اس فہرست کو ترتیب دینے کے لئے پانچ عناصر کو دیکھا جاتا ہے: استحکام، صحت کی سہولتیں، ثقافت و ماحول، تعلیم اور انفراسٹرکچر):
131۔ کارکس (وینزویلا)
132۔ الجزائر(الجزائر)
133۔ دولا(کیمرون)
134۔ ہرارے (زمبابوے)
135۔ پورٹ مورس بی (پی این جی)
136۔ کراچی (پاکستان)
137۔ طرابلس (لیبیا)
138۔ ڈھاکہ (بنگلہ دیش)
139۔ لاگوس (نائجیریا)
140۔ دمشق (شام)
دلچسپ بات یہ ہے کہ مرثر کوالٹی آف لونگ (Mercer Quality of Living) ایک اور انڈیکس ہے جس میں 231 شہروں کا جائزہ لیا گیا ہے۔
اس جائزے کے مطابق، رہنے کے لئے لاہور کراچی سے بھی برا شہر ہے۔ اس فہرست میں کراچی کا نمبر 201 واں ہے جبکہ لاہور 207 ویں درجے پر ہے۔ اور تو اور ہمارا خوب صورت اسلام آباد بھی، اس فہرست میں، اتنا خوب صورت نہیں ہے۔ اس کا درجہ 194 واں ہے۔ اسلام آباد صرف ای سیکٹر کا نام نہیں۔ جائزہ لینے والے اس کی کچی آبادیاں بھی ناپتے ہیں۔